سول ایوی ایشن کے پنشنرز کے لیے بڑی خبر آگئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اضافے کے معاملے پر آج ڈائریکٹر ایچ آر عابد شیخ کی زیرِصدارت اجلاس ہوا جو 2 گھنٹے جاری رہنے کے بعد بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس سی اے اے شعبہ فنانس، ایچ آر اور تین رکنی پنشنرز وفد کے درمیان ہوا، جس میں 4 سال سے پنشن اضافے کے فارمولے پر سی اے اے انتظامیہ اور پنشنرز میں ڈیڈلاک برقرار رہا اور مذاکرات ناکام ہوئے۔
اجلاس میں سی اے اے انتظامیہ کی کمیٹی نے 17 فیصد سے زیادہ پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا کہہ دیا، تاہم سی اے اے ریٹائرڈ ملازمین کمیٹی نے 35 فیصد اضافے سے کم بات مانتے سے انکار کر دیا۔
دوران اجلاس سی اے اے انتظامیہ اور پنشنرز وفد کے درمیان تند تیز جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر پنشنرز وفد نے کہا کہ وہ اپنا حق مانگ رہے ہیں بھیک نہیں، 4 سال سے پنشن میں اضافہ نہیں ہوا، معاملہ حل کرنے کی بجائے الجھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنشن اضافے پر یہ مذاکراتی اجلاس سیکریٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر بلایا گیا تھا۔



















