آج ہم آپکو بتائیں گے کہ ڈپریشن جیسے مرض سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہیے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ڈپریشن سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے ہلکی پھلکی ورزش کو اپنا معمول بنا لیں۔
جی ہاں، تحقیق میں ہلکی سے معتدل ورزش اور ڈپریشن کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔
تحقیق کے دوران دنیا بھر میں جسمانی سرگرمیوں سے دماغی صحت پر مرتب اثرات کے حوالے سے ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ 23 فیصد جبکہ انزائٹی کا خطرہ 26 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
درحقیقت ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں جیسے چہل قدمی، باغبانی اور گھریلو کاموں سے بھی ڈپریشن کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں مردوں اور خواتین دونوں کا جائزہ لیا گیا تھا اور مختلف عمروں کے افراد میں یہ اثر دیکھنے میں آیا۔
محققین کے مطابق دماغی صحت کی پیچیدگیاں موجودہ عہد میں بہت عام ہو چکی ہیں اور ان سے بچنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دماغی امراض کی روک تھام کرنا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے طرز زندگی میں تبدیلیاں لانے سے مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معتدل ورزش سے دماغ میں ایسا کیمیائی ردعمل پیدا ہوتا ہے جو دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے، مگر ہلکی سے متعدل ورزش اس حوالے سے زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق ہلکی پھلکی ورزش دماغی صحت کے یے مفید ہوتی ہے اور لوگوں کے لیے انہیں اپنانا بھی آسان ہوتا ہے، بس طرز زندگی میں چھوٹی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔




















