Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شیر افضل مروت ہی چیئرمین پی اے سی ہوں گے، عمر ایوب

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت ہی چیئرمین پی اے سی ہوں گے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی جنرل سیکریٹری عمر ایوب کا اہم ٹوئٹ سامنے آگیا۔

عمر ایوب نے اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہدایات آج تک برقرار ہیں، شیر افضل مروت ہی چیئرمین پی اے سی ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل دو ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہوسکی، کمیٹیوں کی تشکیل کے سلسلے میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

اس سے قبل پی اے سی چیئرمین کیلئے شیرافضل مروت کے نام پر حکومتی اعتراض کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سینیئر رہنما حامد خان اور حامد رضا کے نام پیش کیے تھے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا نام بھی بانی پی ٹی آئی نے دیا تھا، وہ جو بھی نام دیں گے وہی ہمارا فیصلہ ہوگا۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے سلسلے میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان معاملات طے پانے کی صورت میں 40 سے زائد قائمہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، حکومتی اتحاد کو 26 اور اپوزیشن کو 11 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ دیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں