Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو گا

پنجاب کے 10 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 10 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، اس مہم میں مجموعی طور پر 67 ہزار پولیو ورکر حصہ لیں گے۔

لاہور میں 13 ہزار ورکرز اس مہم میں حصہ لیں گے جبکہ راولپنڈی میں 6800 سے زائد ورکرز انسداد پولیو مہم کا حصہ ہوں گے۔

انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال کا مہم کے حوالے سے کہنا تھا کہ وائرس کو روکنے کے لیے یہ مہم انتہائی اہم، غیر معمولی اور خصوصی مہم ہے۔

خضر افضال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بار بار پولیو کا بیرونی وائرس نمودار ہو رہا ہے اور ہماری تمام تر محنت پولیو کی مقامی افزائش کو روکنے پر مرکوز ہے۔

پولیو پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ تمام ضلعی افسران مہم کی خود نگرانی کریں اور اعلی درجے کی مہم کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔

سربراہ نے مزید کہا کہ پولیو ویکسین کے معیار کو برقرار رکھا جائے، ویکسین کے موثر استعمال سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

خضر افضال نے پولیو مہم کے ورکرز کو ہدایت کی کہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کی جائے۔

پولیو پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، اور پولیو ٹیموں سے بد سلوکی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب میں پولیو مہم کے 10 اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان شامل ہیں جبکہ راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، شیخوپورہ اور اوکاڑہ بھی مہم کا حصہ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، شیخوپورہ، میانوالی میں مہم منتخب یونین کونسلوں منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں