Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈکی بھائی کی اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیوز پر یوٹیوبر شام ادریس کا حیران کن ردعمل سامنے آگیا

معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی ڈیپ فیک ویڈیوز پر یوٹیوبر شام ادریس کا حیران کن ردعمل سامنے آگیا ہے۔

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شام ادریس عروب جتوئی کی مبینہ نازیبا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسے مکافات عمل قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض چند لائکس کیلئے ڈکی بھائی نے میری اہلیہ کے حجاب اور ان کی جسامت پر مزاحیہ ویڈیوز بنائیں جس کے سبب میری اہلیہ بھی اسی کرب سے گزریں جس طرح آج ڈکی کی اہلیہ عروب جتوئی محسوس کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈکی بھائی کے اس عمل نے نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ ہماری ذاتی زندگی کو بھی بے حد متاثر کیا اور شاید یہ وہی لمحہ تھا جس وقت میں نے خودکشی کرنے کا سوچا لیکن سچ یہ ہے کہ میں نے اس لمحے سب اللہ پر چھوڑ دیا تھا۔

شام ادریس نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ڈکی بھائی کی شہرت میں اضافہ ہوتا چلا گیا جس پر میں نے انہیں خود مبارک باد دی لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ اللہ بہتر انصاف کرنے والا ہے جو آج آپ دوسروں کے ساتھ کریں گے کل کو وہی سب آپ کے ساتھ ہوگا۔

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ بھی ڈکی بھائی یا ان کی فیملی کے ساتھ ہوا وہ سراسر غلط ہے، کسی کو کوئی حق نہیں اس طرح کی نازیبا ویڈیو بنائے اور شیئر کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جس طرح کسی کو آپ کی فیملی کی ویڈیو بنانے کا کوئی حق نہیں اسی طرح آپ کو بھی میری اہلیہ کا مذاق بنانے اور ویڈیو بنانے کا کوئی حق نہیں تھا، لیکن میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللہ بے شک بہتر انصاف کرنے والا ہے۔

یاد رہے کہ یوٹیوبر شام ادریس کا چند سال قبل ڈکی بھائی کے ساتھ ایک بڑا تنازع کھڑا ہوا تھا۔ ڈکی بھائی نے شام ادریس کی اہلیہ سحر المعروف فروگی کے خلاف ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہوئے خوب ٹرولنگ کا نشانہ بنایا تھا۔