اگر آپ رات کے کھانے کے بعد چند منٹ چہل قدمی نہیں کرتے تو اس عمل کے فوائد جان کر ضرور ایسا کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
نظامِ ہاضمہ کے لئے مفید
کھانے کے بعد چہل قدمی سے نظامِ ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور آنتوں کے افعال متحرک ہوتے ہیں۔
آنتوں کے افعال متحرک ہونے سے غذائی نالی سے خوراک گزرنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے جس سے بدہضمی، پیٹ پھولنے یا دیگر مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
بلڈ شوگر مستحکم ہوتا ہے
رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی سے بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ چہل قدمی سے مسلز گلوکوز کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔
یہ عادت ایسے افراد کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے جن میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
وزن کم کرے
کھانے کے بعد جسمانی سرگرمیوں سے کیلوریز کو جلانے میں مدد ملتی ہے جبکہ کچھ دیر بعد بھوک کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔
اگر آپ روزانہ رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی کرتے ہیں تو وقت گزرنے کے ساتھ یہ عادت جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے۔
دل کی صحت بہتر کرے
چہل قدمی خون کی شریانوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اچھی ورزش ہے اور بلڈ پریشر میں کمی سے دل کی صحت ہوتی ہے۔
چہل قدمی سے کولیسٹرول کی سطح بھی گھٹ جاتی ہے جبکہ خون کی گردش تیز ہوتی ہے اور یہ دونوں ہی دل کی صحت کو بہتر بنانے والے عناصر ہیں۔
تناؤ پر قابو پانے میں مدد دے
چہل قدمی سے جسم میں ایسے ہارمونز کا اخراج ہوتا ہے جو مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اس سے تناؤ میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ دیگر ذہنی امراض سے بچنا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
نیند بہتر کرے
جسمانی سرگرمیوں بالخصوص رات کو چہل قدمی سے اچھی نیند کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔
رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی سے جسم کو سکون ملتا ہے اور وہ اچھی نیند کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔




















