Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شوبز انڈسٹری میں سوشل میڈیا فالوونگ دیکھ کر کام ملتا ہے، اسماء عباس

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ شوبز میں سوشل میڈیا فالوونگ دیکھ کر کام ملتا ہے۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ اسماء عباس کا کہنا تھا کہ اداکاروں کو سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد کی بنیاد پر کاسٹ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروڈیوسرز ڈراموں میں سینئر اداکاراؤں کو بھی سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد دیکھ کر کاسٹ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود بطورِ سینئر اداکارہ ان سب چیزوں کا سامنا کر چُکی ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرا ایک یوٹیوب چینل ہے جس پر میں اپنی روزمرہ کی زندگی یا فیملی کے ساتھ گزرے یادگار لمحات شیئر کرتی ہوں تو مجھے صارفین کی جانب سے ہمیشہ اچھا ردِعمل ملتا ہے۔

اسماء عباس کے مطابق سوشل میڈیا پر مجھے لوگ عام طور پر مثبت ردِعمل ہی دیتے ہیں لیکن کئی بار ٹرولنگ بھی ہوتی ہے جسے میں نظر انداز کرتی ہوں۔