پنجاب میں گندم خریداری بحران کے بعد پنجاب حکومت کی گندم کی خریداری کے حوالے سے حتمی پالیسی مسلسل تاخیر کا شکار ہورہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین گندم خریداری کی بحرانی کیفیت سے نمٹنے کے لئے خود میدان میں موجود ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اس حوالے سے ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کے موجودہ ذخائر، گندم کی درآمد اور دیگر معاملات پر 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی سطح پر گندم کی خریداری کے حوالے سے افسران کو خود نگرانی کرنی کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی گندم خریداری بحران سے نمٹنے کے لئے میدان میں ہیں جب کہ نواز شریف نے گندم کے معاملے پر اجلاسوں میں شرکت کی اور ہدایات دیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق گندم بحران پر وزیراعظم شہباز شریف کی جلد ہی نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی بھی شرکت کریں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف قائد نواز شریف کو پنجاب سمیت ملک بھر میں گندم کے موجودہ ذخائر اور گندم خریداری کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر اعتماد میں لیں گے۔
علاوہ ازیں، پنجاب میں گندم خریداری کے حوالے سے صوبائی حکومتی پالیسی کا حتمی اعلان قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔



















