کیا آپکو معلوم ہے کہ روزانہ کچھ دیر تنہا بیٹھنا صحت کے لئے کتنا ضروری ہے؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ذہنی صحت اور سماجی زندگی کیلئے تنہائی کے کچھ اوقات بھی بہت ضروری ہیں۔
جی ہاں، تحقیق میں ماہرین نے تنہائی سے وابستہ غلط فہمیوں کو دور کیا ہے اور لوگوں کو اپنے طور پر کچھ تنہائی میں وقت گزارنے کی ترغیب دی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اکیلے وقت گزارنے اور تنہا محسوس کرنے میں فرق ہے۔ اکیلے وقت گزارنا ایک آپشن ہے جبکہ تنہائی ایک ایسی حالت ہے جس میں تعلق منقطع ہونے کے احساس ہوتا ہے، یہ اس وقت بھی ہوتا ہے جب آپ بھلے لوگوں سے گھرے ہوئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ذہن مسلسل مختلف قسم کی ذہنی سرگرمیوں میں مصروف رہتا ہے جنہیں ’عمل‘ اور ’ٹھہراؤ‘ دو حالتوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
ہم ’عمل‘ کے موڈ میں زیادہ ہوتے ہیں جس سے مراد وہ اقدامات ہیں جو ہم اپنے روزمرہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے کررہے ہوتے۔ اگرچہ اس کے فوائد ہیں لیکن یہ ہماری ذہنی صحت کیلئے اس وقت نقصان دہ ہوسکتا ہے جب ہم سارا دن اسی موڈ میں ہوں۔
لیکن ’ٹھہراؤ‘ کی حالت سب سے زیادہ نظر انداز کی جاتی ہے۔ اس حالت میں آپ کسی چیز میں مصروف نہیں ہوتے بلکہ اپنے ساتھ کچھ وقت گزارتے ہیں۔
یہ وقت، زندگی میں کیا ہورہا ہے یا موجودہ حالات کو زیادہ واضح کرنا، اس سے متعلق بصیرت فراہم کرنا اور موثر لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد کرتا ہے۔
تنہائی میں وقت گزارنا ہمیں اپنے خیالات اور جذبات کو سمجھنے اور ان سے جُڑنے میں مدد کرتا ہے۔




















