لاہور میں پولیس کی جانب سے وکلاء کی احتجاجی ریلی پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ، جی پی او چوک میں وکلاء کی جانب سے عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن منتقلی کے خلاف احتجاج کیا جارہا تھا، اس دوران وکلاء کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے اندر جانے کی کوشش کی گئی۔
پولیس نے وکلاء کو منتشر کرنے کے لیے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی۔ پولیس نے وکلا مظاہرین کےخلاف واٹرکینن کا استعمال بھی کیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے اندر صبح سے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور لاہور ہائیکورٹ کے داخلی وخارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، ہائیکورٹ میں کسی کو داخلے کی اور نہ باہر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے احتجاج کے دوران کئی وکلاء کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ جب کہ کشیدہ صورتحال کے باعث جی پی او چوک پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔



















