اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے پوری دنیا میں ملک کا امیج بری طرح تباہ ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو مئی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر قوم کو یاد رہے گا، 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچا کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مشتعل ہجوم نے سرکاری و نجی املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا، 9 مئی کے واقعات سے پوری دنیا میں ملک کا امیج بری طرح تباہ ہوا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات کی تکمیل کی گئی، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور ادارے کمزور کرنے کی منظم سازش تھی۔
انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج اور تعمیری تنقید جمہوریت کی اصل روح ہوتی ہے، آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق میسر ہیں، احتجاج کے نام پر پرتشدد سرگرمیوں کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی مسلح افواج اور اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کو نجات دلانے میں مصروف ہے، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ،سازش کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل اور رویے ملک و قوم کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
اسپیکر نے موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں پر رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو سیاسی مذاکرات، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی مل کر جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کریں، پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری رویوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم انتہائی افسوسناک ہے، جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب ، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کی بجائے صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، بہتر مستقبل، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے، افراتفری، انتشار اور شرانگیز اقدامات ملک کی ترقی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، مذموم مقاصد کیلئے ایک پارٹی اور شخص نے ملک کو داو پر لگا دیا۔



















