پاک بحریہ نے آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو انسانی ہمدردی کے تحت ایرانی سفارتی حکام کے سپرد کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو انسانی ہمدردی کے تحت ایرانی سفارتی حکام کے سپرد کردیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ قبل ازیں پاک بحریہ کی جانب سے ان ایرانی ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں کامیاب ریسکیو آپریشن کے دوران بچایا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز نے سمندر میں آتشزدگی کی شکار کشتی کی جانب سے ہنگامی کال پر بروقت کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے آتشزدگی کی شکار ایرانی کشتی کے تمام 8 ماہی گیروں کو بچایا اور بے قابو آگ کو بجھانے میں احسن کردار ادا کیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ فوری اور کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کی سمندر میں ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت کا عملی نمونہ ہے۔



















