Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر کی صورتحال پرتشویش ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پرتشویش ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیرکی صورتحال پر تشویش ہے، بدقسمتی سے کچھ عناصر ایسی صورتحال میں پوائنٹ اسکورنگ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحث، استدلال اور پُرامن احتجاج کسی بھی جمہوریت کا حسن ہیں، وزیراعظم آذاد کشمیر سے صورتحال پر بات کی ہے، تمام اطراف پر صورتحال کے پُرامن حل پر زور دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پُر امید ہوں کہ مسئلہ جلد حل کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 10 مئی سے آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔

ہڑتال اور احتجاج کے آج تیسرے روز آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی تھی۔

مظاہرین نے مہنگی بجلی نہ منظور، مہنگا آٹا نہ منظور کے نعرے لگائے، ضلعی انتظامیہ نے میر پور میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے۔

مظاہرین کے ساتھ تصادم کےدوران گولی لگنے سے زخمی اے ایس آئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف میرپور سے مظفرآباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں