رحیم یار خان میں شادی سے انکار کرنے پر والدین نے اپنی 17 سالہ بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلادیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رحیم یار خان میں ترنڈہ محمد پناہ کے علاقے بستی میانی میں پیش آیا جہاں والدین نے نوجوان لڑکی کو زندہ جلادیا۔
پولیس نے بتایا کہ 17 سالہ لڑکی کی جانب سے زبردستی شادی کروانے پر انکار کیا گیا تو والد نے رشتہ داروں کے ساتھ ملکر لڑکی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے زندہ جلادیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قتل چھپانے کیلئے لڑکی کی لاش کو دفنانے بھی کی کوشش کی تاہم واقعہ کا علم ہوتے ہی پولیس بروقت موقع پر پہنچ گئی اور قبرستان پہنچ کر لڑکی کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں پر بدترین تشدد اور آگ سے جھلسنے کے نشانات ملے ہیں، والدین اور رشتے داروں کے خلاف لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔



















