شرجیل میمن کا کہنا ہےکہ کہ جیلوں میں بیٹھ کر حکومتیں بنائی جا رہی ہیں، کوئی تو ہے جو بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی ریڈ لائن کراس کرنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو سہولیات مل رہی ہیں،غیر ملکی طاقتیں آج بھی بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہی ہیں، ایسے لوگ کنٹرولڈ جمہوریت کا موقع دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ کونسا جیل کا قیدی ہے، جسے سزا ہوگئی پارٹی چلا رہا ہے، ٹکٹ بھی دے رہا ہے، کبھی کسی کو یہ سہولت ملی، جیل سے حکومتیں اور سینیٹرز بن رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے آج بات ہوگی، اس ہیلتھ کارڈ کی بات نگراں حکومت کے دور میں شروع ہوئی تھی، صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ دینا آپ پر کوئی احسان نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزادی صحافت آج کل بڑا چیلنج بنا ہوا ہے، محترمہ بے نظیر نے آزادی صحافت کے لیے بڑی تحریکیں لڑیں ہیں، پیپلزپارٹی ہمیشہ صحافیوں کی آواز بنی ہے، صحافیوں کی گرانٹس بڑھائی جائیں گی، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا ۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ 2008 میں پیپلزپارٹی قیادت کے خلاف مہم چلائی گئی، مخالفین کی کوشش تھی پی پی کو برے سے برا دیکھاؤ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمت اور برداشت کی سیاست کی ، جو کام صحافیوں کے لیے صدر زرداری نے کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ تنقید سہنے کی برداشت صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر پی پی کا غلط تاثر بنانے کی کوشش کی، سندھ حکومت اور پی پی کو ہمیشہ براکہا گیا ، روٹی ،کپڑا اورمکان صرف پیپلزپارٹی کا ہی منشور ہے۔
شرجیل میمن نے کہاکہ سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھر بنائے، پورے پاکستان سے لوگ سندھ میں اسپتالوں میں علاج کے لیےآتے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ حیدرآباد کے صحافیوں کو بھی پلاٹ تقسیم کریں گے ،حیدرآباد کے صحافیوں کی گرانٹ بھی بڑھائی جائے گی، صحافی کو علاج کی سہولت کے لیے باہر بھی بھیجنا پڑا توبھیجیں گے، موذی مرض کی صورت میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔



















