فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تمام جماعتوں کو ملکر بیٹھنا پڑے گا۔
ملتان میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کو نالائقی پر معاملات خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے کہنے پر سکھر جیل میں علی امین گنڈا پور کے کھانے پینے کا خیال رکھا گیا ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہاکہ گورنر ہاؤس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، صوبے کے مسائل کے حل کی خاطر کہیں بھی بات کرنے کو تیارہیں،وزیراعلیٰ کے پی کو کھانے کی دعوت دیتاہوں میرے پاس آئیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ گورنر ہاؤس میں صوبائی حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، پانی ، بجلی اور گیس کے مسائل وفاق کے سامنے رکھوں گا، مرکز سے کچھ چاہیے تو میں بات کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ کےپی میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، اپنے صوبےکامقدمہ بنائیں گے اورمتعلقہ فورم پربات کرینگے، جھگڑا نہیں چاہتے ،جھگڑے کے لیے یہ فورم نہیں ہے، مسائل مل جل کر حل ہوسکتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مزید کہاکہ کےپی حکومت سے کہا ہے کہ ملکر وفاق سے عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں، چیزیں ملکر حل ہوسکتی ہیں۔

















