Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارا لیڈر جیل میں ہے اور کہتے ہیں انصاف دلائیں گے، بیرسٹر گوہر علی

سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارا لیڈر جیل میں ہے اور کہتے ہیں انصاف دلائیں گے۔

بیرسٹر گوہر علی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں صدارتی خطاب میں ستر پوائنٹس ہوتے تھے، صدر آصف علی زرداری کے خطاب میں صرف انتیس نکات تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو فارم 47 پر آتے ہیں وہ اسی طرح کا رویہ اختیار کرتے ہیں جیسے کل خواجہ آصف نے کیا، کل خواجہ آصف نے ہمارے ایک رکن کو جو کہا وہ اسپیکر بے شک معاف کریں، ہم معاف نہیں کرتے ان الفاظ کو حذف کیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے ارکان نے کل صرف خواجہ آصف سے کہا کہ وہ اللہ کے ننانوے ناموں کے نیچے اللہ کو حاضرناظر جان کر کہہ دیں کہ وہ ریحانہ ڈار سے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمرایوب خان پر بائیس سال میں کرپشن کا ایک الزام نہیں لگا، انہوں نے کبھی کوئی ایسا لفظ کہا جو کبھی حذف کرنے کی نوبت آئی ہو۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہاں عورتوں کی بات کی جاتی ہے، کیا ہماری خواتین کو نو مئی کی آڑ میں جیلوں میں نہیں ڈالا گیا، ڈان لیکس والے آپ تھے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے آپ تھے، پانامہ لیکس کرنے والے آپ تھے، میموگیٹ میں کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ جانے والے آپ تھے۔

انکا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلا وزیر اعظم بنا ہے جس کے پاس عوامی کی اکثریت نہیں، اس وزیر اعظم کو تو نوازشریف نے اس ایوان میں مبارکباد تک نہیں دی، آج شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کی صدارت بھی لے لی گئی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم تو پھر بھی ادھر ہی ہوں گے خواجہ آصف اقامہ لیکر باہر نوکری کرنے چلے جائیں گے، کیا سوائے پی ٹی آئی کے کسی ایک سے انتخابی نشان واپس لیا گیا؟ بانی چیئرمین اپنے اوپر ہونے والی زیادتیوں کو معاف کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پر دوسو تین کیس درج کیے گئے، آپ نے نشان بھی لے لیا پھر بھی عوام نے ہمارے نشانات پہنچانے اور ووٹ دیا، ہمارے ایک سواسی ارکان بنتے ہیں، ان ایک سواسی ارکان کے لئے ہم نے مقدمات درج کررکھے ہیں، عالمی رپورٹیں دیکھ لیں پی ٹی آئی ستر فیصد مقبول ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ نوازشریف کا جانا واپس آنا اور سیٹ سب کچھ متنازعہ ہے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ججوں کے گھروں میں کیمرے نہ لگائے جاسکیں، ہم قوم کی خاطر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں