تقریب میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کی علمی و ادبی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی اور دوبئی میں ہونے والی اس خراجِ تحسین ایوارڈ تقریب کو سراہا۔
گذشتہ دنوں ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر دوبئی میں ویسٹ ورلڈ ایوینٹس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں عشائیے کے ساتھ خراجِ تحسین ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی عظیم ماؤں کو خراجُِ تحسین ایوارڈ پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رائیسانی تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاشبہ ماں وہ عظیم ہستی ہے کہ جس کے قدموں تلے خدا نے جنت رکھ کر اسکی اہمیت اور مرتبے کو واضح کیا ہے ماں اور باپ دونوں ہستیاں انسان کی زندگی میں خدا کا دیا گیا وہ سرمایہ ہیں جسکا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
ویسٹ ورلڈ ایوینٹس کی انتظامیہ کا بھی اس موقع پر کہنا تھا کہ ہر ماں ہی عظیم اور لائقِ خراجِ تحسین ہے لیکن ہماری کوشش تھی کہ اُن ماؤں کو ڈھونڈ کر خراجِ تحسین پیش کیا جائے جنہوں نے عام ماؤں سے ایک قدم بڑھ کر اپنے بچوں کے لیے قربانیاں دیں۔
ہمارا نصب العین ہے کہ حقیقی ٹیلینٹ کو پروموٹ کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ تفریحی ، کاروباری اور فلاحی سرگرمیوں کے انعقاد کو بھی فروغ دیا جائے۔
تقریب میں جن ماوں کو “خراجِ تحسین” ایواڑ پیش کیا گیا اُن میں، ممتاز بیگم، نو مسلم فاطمہ بانو، مسرت نجمی، رضیہ بی بی، مسرت ملک، اور ماہم اقبال شامل ہیں۔
تقریب میں اُبھرتے ہوئے نوجوان ستاروں کو “ایمرجنگ ٹیلنٹ” ایوارڈ بھی دیا گیا جن میں شارجہ ٹی وی کے اینکر پرسن زرناب لاشاری، نوجوان بزنس مین وسیم اشرف اور بھارتی نوجوان ڈائریکٹر شرے راج دیو شامل ہیں۔
ویسٹ ورلڈ کی بانی اور چئیرپرسن ناعمہ لاشاری نے تقریب کے اختتام پر شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ادارہ ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت کے لئے پیش پیش رہے گا۔



















