Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر از خود نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر از خود نوٹس لے لیا جس کی سماعت کل ہوگی۔ 

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا جب کہ جسٹس عرفان سعادت اورجسٹس نعیم اختر بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ اگر پارلیمنٹیرین دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو جج کیسے رکھ سکتا ہے؟

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک جج کو ہر قسم کے الزامات سے دور رہنا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھے 15 دن ہوگئے لیکن اب تک جواب نہیں آیا، امید ہے جلد جواب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بار بار انٹیلی جنس اداروں کا نام لیا جارہا ہے، اب الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا، اب اگر کسی نے پگڑی اچھالی تو پگڑی کی فٹبال بنائیں گے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ آئین و قانون میں کہاں لکھا ہے کہ جنہوں نے قربانی دی ان کا تمسخر اڑایا جائے، بس بہت ہوگیا اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں، اگر اداروں کی کہیں دخل اندازی ہے تو ثبوت دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں