لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس بھی نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے جس میں ابھی تک 17 ہزار نوجوان ٹرینڈ ہوئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کر کے جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے اتنی ہی خوشی مجھے ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی مشکل چھ ماہ کی ٹریننگ تھی، 800 بچے کامیاب ہوئے جن میں 70 خواتین بھی شامل ہیں، پریڈ کے معائنے کے دوران آپ کے چہرے پر پاکستانیت دیکھ کر مجھے بطور وزیراعلی انتہائی حوصلہ ملا۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے میں ایلیٹ فورس کا یونیفارم پہن کر آئی ہوں، آپ لوگ قوم کے ان چند خوش قسمت بیٹوں اور بیٹیوں میں سے ہیں جن کو یہ وردی پہننا نصیب ہوئی ہے، یہ وہ قومی خدمت ہے جو چند قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کے نصیب میں آتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کی پاس آؤٹ ہونے والی خواتین کو خصوصی طور پر شاباش دیتی ہوں، سی ایم ہاؤس کی طرف سے پاس آؤٹ ہونے والوں کے لئے خصوصی کیش پرائز بھجواؤں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین کے والدین کو مبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے اپنی بچیوں پر اعتماد کیا اور انہیں ملک کی خدمت کے لیے وقف کیا، جب یہ بچیاں قوم کے بیٹوں کے ہمراہ شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کریں گی تو قوم کو ان پر فخر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہید کو دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کہ یہ شہادت کا کیا جذبہ ہے جس کے لئے لوگ اپنے بیٹوں کو مٹی پر قربان کرنے کے لیے پیش کرتے ہیں، شہادت کے اس جذبے کو ہم سلام کرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے 85 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، تمام فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، قرآن مجید کہتا ہے کہ شہید زندہ ہے اور وہ چند خوش نصیب ہوتے ہیں جن کو موت کے بعد بھی زندگی ملتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب بہت متحرک آفیسر ہیں، جو تبدیلیاں آئی جی پنجاب پولیس میں لارہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں، پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، جو سہولیات اور ٹیکنالوجی چاہیے مہیا کریں گے، پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرحد پر پولیس چوکیوں پر حملے ہو رہے ہیں جنہیں پولیس کے جوان بہادری سے روک رہے ہیں، آئی جی پنجاب کو جدید سیکیورٹی آلات حاصل کرنے کا کہا ہے، میرے لیے ہر بیٹے اور بیٹی کی جان انتہائی قیمتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے پولیس آٹھ جدید ترین تھرمل امیجنگ کیمرے مہیا کیے ہیں، جب گھر سے نکلتی ہوں تو اپنے کندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے، جو وعدے آپ نے پاکستان کی عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ نبھانے ہیں، جب آپ کو مشکل پیش آئے تو اپنے حلف کے الفاظ کو یاد کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے فورس میں شامل ہونے سے مجھے تبدیلی نظر آنی چاہیے، جب آپ کے پاس کوئی مظلوم آئے تو آپ نے اس کی دادرسی کرنی ہے اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، وہ وقت دور نہیں ہے جب پولیس پر لگے ہوئے دھبے ہم دھوئیں گے اور لوگ سکون سے اپنے گھروں میں سوئیں گے، اپنے فرائض کی بہترین ادائیگی میں اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب کرے اور ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

















