وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈرگ فری پنجاب مہم کامیاب ہوگئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈرگ فری پنجاب مہم کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 142 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے شراب اور منشیات کی بڑی مقدار بھی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈرگ فری پنجاب مہم کے دوران اب تک منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 23603 چھاپے مارے گئے، گھناؤنے کاروبار میں ملوث 11536 ملزمان گرفتار جبکہ 10997 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے 7236 کلو چرس، 37 کلو آئس، 120 کلو ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ منشیات فروشوں سے 250 کلو سے زائد افیون، 140866 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فلیورڈ ڈرگز کے آن لائن کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی ایکشن جاری رکھیں، اسمگلرز اور ڈیلرز سمیت سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو سخت سزائیں دلوائی جائیں۔

















