اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے آج 19 مئی کو ملتان این اے 148میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر میں عوام الناس کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی، اِس مقصد کے لیے سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سینٹر قائم کیے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکریٹری اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
میزد پڑھیں: ملتان، این اے 148میں ضمنی الیکشن، پولنگ جاری
ترجمان نے بتایا کہ عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی سینٹر کے عملے سے ای میل[email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (ای ایم سی سی) میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے، ای ایم سی سی پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک کام کرے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹرول سینٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے، فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔



















