سندھ میں ہیٹ ویو کی لہر کے باعث کراچی سمیت صوبے میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی کی سفارش پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 22 مئی سے ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کی منظوری دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق انٹر کے سالانہ امتحانات اب 22 مئی کے بجائے 27 مئی سے شروع ہوں گے۔
دوسری جانب یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات نے بھی پنجاب اور سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ پنجاب میں اسکولوں کے اوقات کار کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔



















