اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے تحفے میں ملا قیمتی قلم باب کعبہ توشہ خانہ میں جمع کروا دیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے چند روز قبل ملاقات کی تھی جس میں چیف جسٹس کو خوبصورت تحفہ “قلم بابِ کعبہ” دیا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو دیا گیا تحفہ سپریم کورٹ میوزیم میں رکھا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے قلم باب کعبہ کا تحفہ توشہ خانے میں جمع کرادیا اور خواہش کی کہ یہ تحفہ سپریم کورٹ عجائب گھر میں رکھا جائے۔
اعلامیے کے مطابق سیکریٹری ٹو نے چیف جسٹس کی خواہش کے بارے میں سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن کو اس بارے میں خط لکھا تھا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ سیکریٹری کابینہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے تحفہ سپریم کورٹ عجائب گھر میں رکھنے کی منظوری لی۔
واضح رہے کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے 8 اپریل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات میں انہیں قلم بابِ کعبہ کا تحفہ دیا تھا۔



















