Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

آج ہم آپکو بتائیں گے کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق مچھلی کے تیل پر مبنی سپلیمنٹس کا روزانہ استعمال صحت مند افراد میں امراضِ قلب کا خطرہ کم کرنے کی بجائے بڑھا دیتا ہے۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کے روزانہ استعمال سے فالج اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی جیسے سنگین امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے 4 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

4 لاکھ 15 ہزار میں سے ایک تہائی افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 12 سال تک لیا گیا اور انہیں مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا استعمال معمول بنانے کی ہدایت کی گئی۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد امراضِ قلب سے محفوظ ہوتے ہیں، اگر وہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کا استعمال عادت بنا لیتے ہیں تو ان میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ 13 فیصد جبکہ فالج کا خطرہ 5 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق امراضِ قلب سے محفوظ خواتین یا تمباکو نوشی سے دور افراد اگر ان سپلیمنٹس کا استعمال کرتے ہیں تو ان میں ہارٹ اٹیک، فالج یا ہارٹ فیلیئر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 6 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

البتہ تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ امراض قلب کے شکار افراد کو ان سپلیمنٹس کے استعمال سے ضرور فائدہ ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ان سپلیمنٹس کے استعمال سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ 15 فیصد جبکہ ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ امراضِ قلب کے شکار افراد میں یہ سپلیمنٹس خون میں چکنائی کی سطح کو کم کرتے ہیں جس سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر صحت مند افراد کا معاملہ مختلف ہوتا ہے اور ان سپلیمنٹس کے زیادہ استعمال سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔