اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو سے متعلق نئی پیشگوئی کردی ہے۔
ملک میں جاری ہیٹ ویو سے متعلق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہرکی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز دادو، موہنجوداڑو اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ پہنچ گیا جبکہ روہڑی اور خیرپور میں درجہ حرارت 49 سینٹی گریڈ رہا۔
اس کے علاوہ سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن، چھور، مٹھی اور رحیم یار خان میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ جبکہ خان پور، کوٹ ادو، بھکر، نور پور تھل، ڈی جی خان اور حیدر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ اسلام آباد کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود، تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج بھی سورج کا کہر کم نہ ہوا اور میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوو بدستور جاری ہے۔
ہر قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں دن بھر سمندری ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں گرمی مزید قیامت ڈھا سکتی ہے، شہری گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔




















