آج ہم آپکو بتائیں گے کہ وہ کونسی عام عادت ہے جو کینسر جیسے خطرناک مرض کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق کینسر کے پھیلاؤ کی ایک اہم وجہ رات گئے کھانا کھانے کی عادت ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے کھانا کھانے کی عادت سے آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 664 ایسے افراد کو شامل کیا جو کینسر کی اسکریننگ کروا چکے تھے، ان میں سے 42 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ رات گئے کھانا کھانے کے عادی ہیں۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ رات گئے کھانا کھانے والے افراد میں رسولی کا امکان دیگر کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کے وقت کے قریب کھانا کھانے سے جسم کی اندرونی گھڑی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس عمل سے جسم کے اعضا کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ کب دن رات میں تبدیل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ رات گئے کھانا کھاتے ہیں تو دماغ کو تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ رات کا وقت ہے مگر ہمارے معدے کو لگتا ہے کہ یہ دن کا وقت ہے جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جوان افراد میں کینسر کی اس قسم کے کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رات گئے کھانا کھانے والے افراد عموماً چکنائی اور چینی سے بھرپور غذاؤں کو پسند کرتے ہیں جس سے معدے میں موجود بیکٹریا کا توازن بگڑتا ہے اور کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔




















