شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کی ایک پراڈکٹ ہے، یہ بزدار جیسا وزیراعلیٰ چاہتے تھے، گوگی جیسے کک بیگ لینےوالے چاہتےہیں۔
پیپلزپارٹی کے سینئرصوبائی وزیرشرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل دیکھے کہ آپ کے ملک کے ساتھ ہوکیا ہورہا ہے، شوکت خانم کے نام پر لیے گئے پیسے کہاں کہاں خرچ کیے گئے، بھارتی میڈیا ان حقائق پر ڈھول پیٹ رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی جاتی رہی ہے، کافی مقدمات ابھی تک بانی پی ٹی آئی کے خلاف کھلے ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی نے اقتدارمیں آ کرکئی لوگوں کے قرضے معاف کیے،بانی پی ٹی آئی نے معیشت کوتباہ کیا، نوجوان نسل کوتباہ کیا۔
سینئرصوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک احسان فراموش انسان ہے، ڈاکٹر اسرار احمد، حکیم سعید نے بانی پی ٹی آئی کے متعلق بتا دیا تھا۔ اسرائیل نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر بیان جاری کیا، اسرائیل خود غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، بانی پی ٹی آئی اسرائیل کی ایک پراڈکٹ ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گرفتاریاں ہم نے بھی دیں لیکن باہر آکرکسی کوگالی گلوچ نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کو اس ملک پر لانچ کیا گیا تھا، انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھے، یہ چاہتے تھے ملک کسی طرح ڈیفالٹ میں چلا جائے، بانی پی ٹی آئی ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ بزدار جیسا وزیراعلیٰ چاہتے تھے، گوگی جیسے کک بیگ لینےوالے چاہتےہیں۔
سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ ملک کے ہر ادارے کو اپنے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی قانون کے تحت چلے تواس کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کس حد تک گھٹیا حرکتیں نہیں کیں؟ یہ ایک مفاد پرست شخص ہے جسے ہم پر تھوپاگیاہے، سوشل میڈیا کے غلط استعمال سےحقائق کو مسخ کیاگیاہے، سانحہ 1971کے حقائق کو غلط طریقے سے پیش کیاگیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ عدلیہ کے خلاف جو الفاظ استعال کیے گئے اسکی نذیر نہیں ملتی، اب یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح عدلیہ میں بھی تقسیم پیداکی جائے، آج اگر قائد عوام ہوتے تو ملک اس نہج پر نہیں آتا۔



















