کراچی بندر گار ہر ’ایم ایس سی اینا‘ نامی کارگو بحری جہاز لنگر انداز ہو گیا ہے جو کراچی پورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز ہے۔
رپورٹس کے مطابق کنٹینر بردار یہ بحری جہاز ٹرمینل ساؤتھ ایشیاء پاکستان پر لنگر انداز ہوا ہے، اس جہاز کو خوش آمدید کہنے کے لیے کل کراچی پورٹ پر خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں پورٹ کے حکام سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات شرکت کریں گی۔
ایم ایس سی اینا نامی اس کارگو جہاز کی لمبائی 400 میٹر ہے جبکہ اس جہاز پر 19 ہزار 368 کنٹینر رکھنے کی گنجائش ہے۔
واضح رہے کہ کراچی پورٹ پر اس سے قبل ’ہانگ کانگ ایکسپریس‘ نامی کارگو بحری جہاز نے 19 مئی 2020 کو اپنا لنگر انداز کیا تھا، جس کی لمبائی 366.50 میٹر تھی اور گنجائش 14 ہزار کنٹینرز تھی۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق ایم ایس سی اینا کی پورٹ آمد پر کے پی ٹی جنرل مینجر آپریشنز رئیر ایڈمرل رضوان احمد کی قیادت میں بحری جہاز کو ٹگ بوٹس کی مدد سے ٹرمینل پر لنگر انداز کیا گیا۔
ایم ایس سی اینا کارگو بحری جہاز پر 19 ہزار کنٹینرز موجود ہیں، جنہیں ضابطے کی کارروائی کے بعد اتارنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔



















