لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ججز کو کالی بھیڑیں کہنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محمد وحید خان نے اشبا کامران کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس وحید خان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ یہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے بھی یہی سوال اٹھایا تھا۔
وکیل وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کو اٹارنی جنرل نے واضح کیا تھا کہ وزیراعظم نے یہ بات موجودہ ججز کے بارے میں نہیں کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس تحریری آرڈر موجود ہے؟ جس پر وکیل وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ ابھی تحریری آرڈر سپریم کورٹ سے نہیں ملا۔
بعدازاں عدالت نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔




















