Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری؛ حکومت کا اہم اعلان

حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ نے کراچی میں 50 الیکٹرک بسیں چلانے کے معاہدے کی منظوری دیدی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان بسوں کا کرایہ دیتی رہے گی، 8 سال کے بعد یہ بسیں سندھ حکومت کی ملکیت ہو جائیں گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے ان بسوں کے 6 ماہ کے کرائے 41 کروڑ 25 لاکھ روپے کی بھی منظوری دی، کابینہ اگلے 7 سالوں کیلئے 82 کروڑ 50 لاکھ روپے ہر سال دیتی رہے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت 50 بسیں 3 روٹس پر چل رہی ہیں، سندھ کے عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، سندھ کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے نئے اساتذہ کی بھرتی کی منظوری دی، سندھ کابینہ اجلاس ایجنڈے میں 42 پوائنٹس پربات چیت کی گئی، سڑکوں اور نالوں میں ملبہ پھینکنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مسمار کیے گئے گھروں کا ملبہ نالوں میں پھینکنے سے نالے بند ہوجاتے ہیں، سندھ کے 48 محکموں میں سے 16 کو ڈیجٹیلائز کرنے جا رہے ہیں، ملیر ایکسپریس کے پاس موجود اراضی کو لیز پر دینے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کیلئے ایک بڑی رقم مختص کرنے کی منظوری دی گئی، چیف سیکریٹری سندھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کی زمین پر ایکسپورٹ پروسسنگ زون بنایا جائے گا، ایکسپورٹ زون کے پیسوں سے اسٹیل ملز کو پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا، گھروں میں کام کرنے والے افراد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے مختلف سوسائٹیز بنائی جائیں گی، لوئر گریڈ کے ملازمین کو نہایت کم ریٹ پر قسطوں پر پلاٹ دئیے جائیں گے، ہزاروں ایکڑ زمین سندھ حکومت اپنے ملازمین کو فراہم کرے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ای وی بسز کو نئے روٹ پر بھی شروع کیا جائے گا، ہمارا 8 ہزار ماحول دوست بسوں کا ٹارگٹ ہے، کابینہ نے حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے، کراچی کے شہریوں کو حب ڈیم سے پانی فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں