شہر قائد میں کہیں ہلکے کہیں گہرے سمندری بادلوں کے باوجود گرمی اور حبس کی صورتحال برقرارہے جبکہ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں موسم کی صورتحال کچھ طرح رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے اس کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
آج وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کوہستان، شانگلہ، بٹگرام،سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شد ید گرم رہنے کے علاوہ جنوب مغر بی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شد ید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران بالائی اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔



















