متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سرجانی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا مطالبہ کردیا۔
رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 244 ڈاکٹر فاروق ستار نے سرجانی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، وفاقی وزیر داخلہ اور میئر کراچی کو خط لکھا۔
فاروق ستار نے اپنے خط میں لکھا کہ امن و امان کی بحالی اور این اے 244 کے مکینوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور جامع آپریشن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے اکثر افراد مبینہ طور پہ مختلف اداروں کا نام لیکرخود کو آئین اور قانون سے ماوار کہہ کر بلا خوف و خطر طاقت کا استعمال کرکے کہیں کہیں تشدد کرکے دھڑلے کے ساتھ سرکاری اور عام لوگوں کے پلاٹوں پر قبضہ کرتے ہیں جس وجہ سے میرے حلقے کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ زمینوں پر قبضے کے بعد پلاٹوں کو دھوکہ دہی سے ایک سے زیادہ خریداروں کو فروخت کیا جاتا ہے جس سے لوگوں کے درمیان افراتفری اور ناانصافی میں اضافہ ہوتا ہے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ اس نازک مسئلے کو حل کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان فلفور نوٹس لیں اور افواج پاکستان و سندھ رینجرز کی مدد سے زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر ایک بڑے آپریشن کا آغاز کریں اور ان غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے والے سرکاری اداروں کے بعض افسران کا بھی تبادلہ کیا جائے۔



















