اسلام آباد: وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا چین کی روانگی سے قبل اہم بیان سامنے آگیا۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کے دورے سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ چین کے شہر شینزن میں 5 جون کو منعقد ہونے والے بزنس فورم میں پاکستانی و چینی کمپنیوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس فورم کے دوران پاکستان اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون اور شراکت داری کی مفاہمتی یاداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چینی کمپنیوں اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین شراکت داری سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
تین حصوں کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزین کے شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین؛ مصروفیات سامنے آگئیں
شہباز شریف بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کرنا ہے۔
اس کے علاوہ شینزن میں وزیراعظم چین پاکستان بزنس فورم سے دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے خطاب بھی کریں گے اور چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔



















