Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی پی 32 گجرات: پرویز الہیٰ کی مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 32 گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

دوران سماعت چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید نے بتایا کہپی پی 32 ضمنی الیکشن میں پورے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی، پولیس نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کر کے غائب کیا۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ اتھارٹی لیٹر ہوگا تو آپ کے پولنگ ایجنٹس کو تسلیم کریں گے، ہوا میں باتیں نہ کریں، تحریری شواہد پیش کریں۔

پرویز الہیٰ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن تحقیقات کرے کیسے مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے ووٹ کاسٹ ہوئے

ممبر اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ دوسرے فریق کو دیئے ممبر نثار درانی نے کہا کہ شواہد پیش کریں کیسے مرے ہوئے لوگوں کے ووٹ ڈالے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آپ تحقیقات چاہتے ہیں یا حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دینا؟ اگر آپ دوسرے فریق کو ریکارڈ نہیں دے رہے تو ہم آپ کا ریکارڈ منظور ہی نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے موسی الہیٰ نے 71 ہزار 357 ووٹ حاصل کر کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری کو شکست دی تھی، جنہوں نے 37 ہزار 106 ووٹ حاصل کیے تھے۔

متعلقہ خبریں