پاکستان کی متحدہ عرب امارات سے 1 ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔
وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف صدر متحدہ عرب امارات کو 1 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔
ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر 1 ارب ڈالر کا ڈیپازٹ میچورٹی سے قبل رول اوور ہو جائے گا، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے صدر متحدہ عرب امارات کو خط لکھنے کے لیے وزارت خزانہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
وزیراعظم دورہ چین سے واپسی پر یو اے ای کو 1 ارب ڈالر قرض کو رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے، جبکہ یو اے ای نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مرکزی بنک میں ڈپازٹ کرائے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 ارب ڈالر جنوری میں ایک سال کیلئے رول اوور ہو چکا، 1 ارب ڈالر آئندہ ماہ رول اوور کرایا جائے گا۔
ذرایع کے کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹ پر اس وقت مختلف شرح سود کے لحاط سے منافع ادا کیا جاتا ہے جبکہ 3ارب ڈالر کے ڈپازٹ پر 3 فیصد سے لیکر 6.5 فیصد تک مختلف شرح سود عائد ہے۔
وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق 1 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ رول اوور کرانے کیلئے یو اے ای حکام سے بات چیت جاری ہے جبکہ قرض رول اوور کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خط میں یو اے ای کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جائے گا، اس کے علاوہ یو اے ای حکام سے 1 ارب ڈالر کو موجودہ ٹرم اینڈ کنڈیشنز پر رول اوور کرنے کی درخواست کی جائے گی۔



















