ملک کے بیشتر حصوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں تیز ہواوں کا راج ہے اور آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ شہر میں تیز سمندری ہواوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا، شہر میں اس وقت 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب74 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبہ شہر کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ صوبہ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع موسم شدید گرم رہے گا، تاہم شام یا رات میں بالائی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، کشمور اور ادادوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہےجبکہ ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 24 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں، مہمند، خیبر، اورکزئی، وزیرستان اور کرم میں تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کے علاوہ چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر مزید بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ شمالی اضلاع میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
تاہم شام یا رات میں خضدار، قلات، جھل مگسی، سبی،نصیر آباد، جعفر آباد، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، موسییٰ خیل، شیرانی، ژوب اور گردو نواح میں تیز ہوائیں اور جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کا امکان ہے۔



















