Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومتی اخراجات میں کمی کیسے کی جائے؟ کمیٹی نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کردی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو حکومتی اخراجات کم کرنے سے متعلق تشکیل کردہ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور حکومتی ڈھانچے کا حجم کم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں حکومتی اخراجات کم کرنے کے حوالے سے تشکیل کی گئی کمیٹی نے وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سربراہی میں قائم کمیٹی میں کابینہ، خزانہ، اسٹیبلشمنٹ، پاور سیکریٹریز کے علاوہ ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم اور محمد نوید افتخار شامل تھے۔

ابتدائی رپورٹ میں قلیل مدتی اور وسط مدتی سفارشات پیش کی گئیں اور کمیٹی کی کچھ سرکاری اداروں کو بند کرنے، کئی اداروں کو ضم کرنے اور کچھ اداروں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں کمیٹی نے سفارش کی کہ ایسی تمام اسامیاں جو ایک سال سے زائد کے عرصے سے خالی ہیں ختم کر کے قومی پیسہ بچایہ جائے، نئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین کی کنٹریبیوٹری پینشن کا نظام لایا جائے اور سرکاری اداروں میں  سروسز کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کی خدمات لی جائیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی اخراجات کم کرنے کے لئے سرکاری اہلکاروں کے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کی جائے اور ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے، ایسے سرکاری افسران جو مونو ٹائیزنگ کی سہولت کے رہے ہیں ان سے سرکاری گاڑیاں فوری واپس لی جائیں۔

دوران اجلاس ان ابتدائی تجاویز کے حوالے سے وزیراعظم نے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی جو کہ دس ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کمیٹی عالمی سطح کے بہترین تجربات سے استفادہ حاصل کر کے ٹھوس تجاویز دے، امید ہے کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قوم کے اربوں روپے کی بچت ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں