کیا آپ چقندر کا جوس پینے کا حیران کُن فائدہ جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق چقندر کے جوس کا ایک گلاس روز پینا امراض قلب کا شکار ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ چقندر کے جوس میں نائٹریٹ کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائی جز جسم میں جاکر نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
نائٹرک آکسائیڈ سے خون کی شریانوں پھیلتی ہیں جس سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور امراض قلب جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج سے تحفظ ملتا ہے۔
نائٹرک آکسائیڈ سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جس سے بھی امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کی 24 خواتین کو شامل کیا اور ان میں چقندر کے جوس سے خون کی شریانوں پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی۔
تحقیق کے دوران ان خواتین کو ایک ہفتے تک روزانہ صبح کو 2 سے 3 اونس چقندر کا جوس استعمال کرایا گیا۔
ماہرین نے الٹرا ساؤنڈ سنسر کے ذریعے خون کے بہاؤ کی جانچ پڑتال کی۔
اس تحقیق سے پتہ چلا کہ نائٹریٹ سے بھرپور چقندر کے جوس کے استعمال سے خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چقندر اور پالک جیسی سبزیوں میں نائٹریٹ کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے استعمال سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ اس جوس کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ امراض قلب کا خطرہ کم کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چقندر کا جوس درمیانی عمر کی خواتین کی خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔




















