محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، اس دوران صوبہ بھر کے دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا کینال میں پھیکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ اتوار 23 جون تک کیا گیا ہے، اس پابندی کا نفاذ امن و امان کے قیام، ماحول اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
پابندی کا اطلاق ٹریفک کی روانی اور ماحول کی حفاظت کے پیش کیا گیا ہے جبکہ پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔



















