محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق عیدالاضحٰی کے دن ملک بھر میں موسم گرم رہے گا لیکن عید کے بعد بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے آخر میں بھی بارش کے دو سلسلے ملک میں داخل ہوں گے۔ پاکستان میں مون سون وقت سے پہلے بھی آسکتی ہے۔
اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مون سون میں بارشیں معمول سے زیادہ برسنے کی پیشگوئی ہے۔
جولائی سے ستمبر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بارش کی ممکنہ شدت کے باعث ملک کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
ممکنہ سیلابی ریلوں کے حوالے سے جی آئی ایس ٹیم لیڈ زہرا حسن کا کہنا ہے کہ جی بی اور آزاد کمشیر میں فلیش فلڈنگ کے ایونٹ ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کے پی کے میں دریائے کابل، دریائے سندھ اور دریائے سوات اوور فلو کریں گے۔
ستلج راوی اور سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے جھل مگسی لہری نصیر آباد اثر انداز ہو سکتے ہیں۔




















