ڈپریشن میں مبتلا افراد کے لئے تشویشناک خبر آ گئی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ڈپریشن کا سامنا کرنے والے افراد میں بڑھاپے میں یادداشت کی کمزوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں ماہرین نے 8268 افراد کے ڈٖیٹا کی جانچ پڑتال کی، ان افراد کی اوسط عمر 64 سال تھی اور ان کی صحت کا جائزہ 16 سال تک لیا گیا۔
تحقیق سے پتہ چلا کہ ڈپریشن اور یادداشت کے درمیان تعلق موجود ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پہلے سے معلوم ہے کہ ڈپریشن اور کمزور یادداشت کا سامنا معمر افراد کو اکٹھے ہوتا ہے مگر پہلے کس کا سامنا ہوتا ہے یہ اب تک واضح نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیق سے ڈپریشن اور کمزور یادداشت کے درمیان تعلق ثابت ہوتا ہے اور ڈپریشن کی علامات سے یادداشت کی تنزلی کا خطرہ بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ڈپریشن کی علامات کی روک تھام سے یادداشت کی تنزلی کی رفتار سست کی جاسکتی ہے۔




















