کےالیکٹرک نے شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کرکے کراچی والوں کا جینا مشکل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہیں اور کچھ علاقوں میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا، ملیر اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ آئے روز بڑھتا جارہا ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے علاقوں میں صبح 8 بجے سے بجلی بند ہے، اس حوالے سے کے الیکٹرک حکام کی جانب سے صرف ایک ہی جواب دیا جارہا ہے کہ کام جاری اور بجلی جلد بحال ہوجائے گی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک کی جانب سے فالٹ کے نام پر پورا پورا دن بجلی بند رکھی جاتی ہے اور پھر کچھ دیر کے لیے بحال بھی ہوجائے تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بتاکر دوبارہ بند کردی جاتی ہے۔



















