Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عید کے دوران زیادہ گوشت کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

کیا آپکو معلوم ہے کہ عید کے دوران زیادہ گوشت کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔

ماہرین صحت کے مطابق صحت مند فرد یومیہ زیادہ سے زیادہ 70 گرام گوشت کھا سکتا ہے، شہری گوشت کھائیں مگر میانہ روی کے ساتھ کھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گوشت زیادہ کھانا صحت مند فرد کے لیے بھی درست نہیں، اس کی نسبت مٹن کھانا بہتر ہے، بہت سے لوگ قربانی کے گوشت کی چربی کا استعمال کرتے ہیں، جس سے جسم میں موپاٹے اور کولیسٹرول میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ چربی بلڈ پریشر بھی بڑھاتی ہے جو کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، دن میں ایک وقت گوشت کے پکوان کھالیں۔

ماہرین نے کہا کہ اگر عمر کی بات کریں تو جو چھوٹے بچے کھانا کھانا شروع کرتے ہیں ان سے لے کر 12 سال تک کی عمر کے بچے یومیہ 80 سے 90 گرام گوشت کھا سکتے ہیں، 12 سال سے 22 سال تک کے بچے اور نوجوان 70 گرام روزانہ گوشت کھا سکتے ہیں، اگر ہم 22 سال سے بڑی عمر کے افراد کی بات کریں تو اس کو دن میں 65 گرام سے زیادہ گوشت نہیں کھانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت مند افررد کو پورے ہفتے میں 450 سے 600 گرام گوشت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بزرگ افراد، بلڈ پریشر، امراض قلب اور کولیسٹرول کے مرض میں مبتلا افراد گوشت کم مقدار میں کھائیں، خاص طور پر بیف سے پرہیز کریں اور اگر ان کو کھانا ہے تو مچھلی، دیسی مرغی اور مٹن استعمال کریں کیونکہ بیف سے مزید کولسٹرول بڑھتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق شہری تین وقت بھی گوشت کھا سکتے ہیں مگر دن میں 65 سے 70 گرام گوشت کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے، اگر وہ 70 گرام گوشت کو تین سے چار حصوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں تو بھی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال عید الاضحٰی کے بعد اسپتالوں میں کولیسٹرول، ذیابطیس، بلڈپریشر اور بدہضمی کے مریضوں کا رش نظر آتا ہے کیونکہ اس عید کو لوگ کھانے پینے کی عید سمجھتے ہیں، اس لیے وہ گوشت کے ساتھ چربی اور دعوتوں میں میٹھے لوازمات بھی مسلسل کھا رہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری گوشت کھائیں مگر دن مین 70 گرام ہی کھائیں، ایک مکمل ڈائٹ پلان میں دالیں، سبزیاں، دودھ، دہی اور سلاد بھی شامل ہوتا ہے، اگر کوئی عید میں مسلسل گوشت ہی کھائے گا تو اس کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، اس لیے دال، سبزیاں، پھل اور سلاد کا بھی استعمال رکھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بہترین ہاضمے کے لیے لیموں اور سرکے کی پیاز کھائیں،  کھانے کے ساتھ، لیموں پانی، لیمو اور ادرک کی چائے بھی مفید ثابت ہوگی۔