Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عیدِ قرباں کے دوسرے روز بھی آلائشیں اٹھانے کا کام جاری

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں آلائشیں اٹھانے کا کام جاری ہے۔

 میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں آلائشیں اٹھانے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز سے شام 4 بجے تک 68 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی جاچکی ہیں، ہم نے شہر میں 99 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے تھے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان 99 کلیکشن پوائنٹس سے آلائشیں اٹھا کر لینڈ فل سائٹس لے جایا جارہا ہے، تمام میںونسپل ادارے، سالڈ ویسٹ اور بلدیاتی عملہ متحرک ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ عید قرباں کے تینوں روز یہ آپریشن مکمل کرنے کے بعد کلیکشن پوائنٹس پر چونا، کلورین اور اسکے بعد گلاب کے عرق کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، تاکہ کلیکشن پوائنٹس پر بیکٹریاز کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کلیکشن پوائنٹس پر فیومیگیشن کا عمل بھی جاری ہے، ہم اختیارات کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر عمل پیرا ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کررہے ہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے جو پوری کریں، دونوں روز ہمیں کراچی کے عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کہیں سے کوئی بڑی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، انشاءاللہ ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

متعلقہ خبریں