کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو! آپ کا جذبہ زندہ اور تعلیمات قائم ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یومِ پیدائش پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید کی قیادت وژن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں۔
بلاول بھٹو نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کا یومِ پیدائش ہونے کے باعث21 جون قوم کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو سائنسی، معاشی اور صنعتی شعبوں میں آگے بڑھایا، انہوں نے رواداری و اتحاد کے فروغ، شہری آزادیوں کے تحفظ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتھک جدوجہد کی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سب کے لیے مساوی مواقع پر یقین رکھتی تھیں، بی بی شہید ایسے پاکستان کا تصور رکھتی تھیں جہاں خوشحالی مشترکہ ہو اور کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔
انکا کہنا تھا کہ آمریتوں کی جانب سے جھوٹے مقدمات اور قید تنہائی کا سامنا کرنے کے باوجود بی بی شہید اپنی آخری سانس تک ظلم و جبر کے خلاف لڑتی رہیں، انہوں نے ہمیں معاف کرنے کی طاقت سے بھی روشناس کرایا، انہوں نے سکھایا کہ حقیقی قیادت ذاتی بغض و عناد سے بالاتر ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم یکساں حقوق و فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ناانصافی و استحصال کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو! آپ کا جذبہ زندہ اور تعلیمات قائم ہیں، آج ہم آپ کو یاد کرتے ہوئے آپ کی اقدار سے اپنی اٹل وابستگی کا تجدید عہد کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ دعاگو ہوں کہ ہم آپ کی جرات اور پاکستان کے لیے آپ کی غیر متزلزل لگن سے ہمیشہ حوصلہ حاصل کرتے رہیں۔



















