اسلام آباد: پی پی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پیپلزپارٹی کو منانے میں تاحال ناکام ہوگئی، وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی حکومت نے غیر مشروط حمایت سے معذرت کرلی اور کہا کہ بجٹ کی غیر مشروط حمایت نہیں کر سکتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مطالبات منظوری تک کسی یقین دہانی کرانے سے معذرت کرلی اور وزیراعظم کو بجٹ کے بارے میں تعاون کی یقین دہانی نہیں کرائی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو بجٹ اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، پیپلزپارٹی اپنے موقف پر کوئی لچک دکھانے سے انکاری ہے، پیپلزپارٹی مطالبات کے حوالے سے سابقہ پوزیشن پر موجود ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے پی پی سے بجٹ پاس کرانے میں تعاون کی درخواست کی تھی، پیپلزپارٹی نے حکومت سے تحریری معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حکومت نے پیپلزپارٹی کو مطالبات منظوری کے بارے میں ڈیڈ لائن نہیں دی۔
ملاقات کی اندرونی کہانی
وزیر اعظم شہباز شریف اورپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں بجٹ پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھا، انہوں نے پارٹی کو بجٹ پر اعتماد میں نہ لینے پر سخت برہمی کا بھی اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ملاقات میں وزیر اعظم کو کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی لیکن حکومت نے اس معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے راستوں کو مسدود کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا، اس حوالے سے معاملات حل کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں کل ملاقات کریں گی، کمیٹیاں ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، پیپلزپارٹی بجٹ میں حکومت سے تعاون کرے گی اور فیصلہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو نہیں چھیڑا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے سندھ سے متعلق مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کے علاوہ پنجاب حکومت سے متعلق خدشات بھی دور کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔



















