لاہور: مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ’’آپریشن عزم استحکام‘‘ کی حمایت میں قرارداد جمع کروادی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ’’آپریشن عزم استحکام‘‘ کی حمایت میں قرارداد جمع کروائی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ’’آپریشن عزم استحکام‘‘ کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتا ہے اور یہ ایوان آپریشن عزم استحکام کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔
متن کے مطابق یہ ایوان آپریشن عزم استحکام کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے، یہ ایوان افواج پاکستان، پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔
متن میں لکھا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو متحد اور ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے۔
متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
متن میں مزید لکھا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے، پرامن پاکستان ہی خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔



















