لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون کے پیش نظر ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس پہنچی جہاں سیکریٹری اریگیشن، چیف میٹرالوجسٹ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انکو تفصیلی بریفنگ دی۔
مریم نواز نے پنجاب بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دیتے ہوئے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ سیلاب کے خدشے سے پیش نظر اضلاع سے ڈیلی رپورٹ طلب کرلی اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔
اس دوران متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رود کوہی کے ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی پلاننگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی کوبھی بروقت نکالا جائے، دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کا اہتمام کیا جائے، جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو بروقت پیشگی اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سیلاب کی بروقت اور مستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے، ہر سیلابی بند سے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔
اجلاس میں تمام بیراج لنک کنال، مین کنال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ 3 ماہ میں پاکستان میں نارمل اورنارمل سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور اس دوران ویدرپورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن، فلڈ سمولیشن ماڈل کا بھی مشاہدہ کیا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، ایس ایم بی ار، سیکریٹریز، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔



















