Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم کی وزیر اعظم سے ملاقات؛ سیلز ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ریٹیلرز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے تعلیم و سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کی جب کہ وزیراعظم سے ملاقات میں فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال بھی شریک تھے۔

ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے کم کرنے کا ہمارا مطالبہ ہے جب کہ کراچی پیکج اور کے فور منصوبوں کے لیے فنڈز بڑھانے کا بھی مطالبہ ہے۔

ذرائع ایم کیو ایم نے بتایا کہ وزیراعظم نے دونوں منصوبوں کے لیے فنڈز بڑھانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ سکھر، حیدر آباد اور نوابشاہ کے لیے بھی وفاقی منصوبوں کے فنڈز بڑھانے کا مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے جب کہ کچھ مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا، وزیراعظم کا ملاقات میں ردعمل مثبت تھا۔

متعلقہ خبریں